#سلسلہاسلامیمعلوماتسوالاًجواباً
#مختلف انبیاء کرام علیہم السلام سے متعلق امور:
سوال: وہ کونسے انبیاء کرام(علیہم السلام) ہیں جن لے نام قبل از پیدائش رکھےگئے؟
جواب: پانچ انبیاء کرام(علیہم السلام) کے نام پیدائش سے پہلے رکھے گئے۔
( ۱) نبی آخرالزمان محمد عربی ﷺ جیساکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے,, مبشرا برسول یاتی من بعدی اسمہ احمد،،
(۲) حضرت یحییٰ علیہ السلام جن کا ذکر فرمان خداوندی,, یزکریا انا نبشرک بغلام اسمہ یحییٰ،، میں ہے۔
(۳) حضرت مسیح یعنی حضرت عیسیٰ علیہ السلام جن کا ذکر فرمان باری تعالیٰ,, بکلمتہ منہ اسمہ المسیح،،
(۴ و ۵) حضرت اسحٰق و حضرت یعقوب علیہما السلام جن کا ذکر فرمان خداوندی,, فبشرناھا باسحٰق ومن ورآء اسحٰق ویعقوب،، میں ہے۔( الاتقان ۲ ص ۲۴۹ )
سوال: بنی اسرائیل کے سب سے پہلے اور سب سے آخری نبی کون تھے؟
جواب: بنی اسرائیل کے سب سے پہلے نبی حضرت یوسف علیہ السلام اور آخری نبی حضرت عیسیٰ علیہ السلام تھے۔( حاشیہ جلالین ص ۵۱)
سوال: اچانک موت کن کن انبیاء کرام(علیہم السلام) کی واقع ہوئی؟
جواب: امام سدیؒ ابومالک سے نقل کرتےہیں کہ وہ ابن عباسؓ سے روایت کرتے ہیں کہ حضرت داؤد علیہ السلام یوم السبت(ہفتہ کے دن )اچانک انتقال فرماگئے۔ دوسرا قول منگل کا بھی ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا انتقال بھی اچانک ہوا اور حضرت سلیمان علیہ السلام کی وفات بھی اچانک ہوئی۔( البدایہ والنہایہ ۲ ص ۱۷ )
سوال: حضرت نوح علیہ السلام کی کشتی کس درخت کی تھی اس کو کتنے سال کے بعد کاٹا گیا اور طوفان نوحؑ کس جگہ نہیں آیا؟
جواب: محمد اسحٰق ثوری سے منقول ہے کہ یہ کشتی درخت ساج( سال کے درخت یا صنوبر( چیڑ کے درخت)کی تھی اور یہی تورات میں لکھاہے اور یہ درخت سو سال بعد کاٹا گیا تھا۔ دوسرا قول یہ ہےکہ یہ درخت چالیس سال بعد کا پرانا تھا۔اور طوفان نوحؑ دو جگہ نہیں آیا۔ ۱۔ سندھ۔ ۲۔ ہند۔( البدایہ والنہایہ ۱ ص ۱۱۰ )
سوال: حضرت نوح علیہ السلام کی قبر کہاں پر ہے؟
جواب: ابن جریر اور ازرقی عبدالرحمن بن سباط یا اس کے علاوه تابعین سے مرسلاً نقل کرتےہیں کہ حضرت نوح علیہ السلام کی قبر صحیح قول کے مطابق مسجد حرام میں ہے۔ دوسرا قول یہ ہےکہ شہر بقاع میں ہے جس کو کوک نوحؑ سے یاد کیا جاتاہے۔ والله اعلم۔( البدایہ والنہایہ ۱ ص ۱۲۰ )
سوال: حضرت نوح علیہ السلام کی کشتی میں پرندوں اور چوپاؤں میں سے سب سے پہلے اور سب سے بعد میں کون کونسے جانور داخل ہوئے؟
جواب: حضرت نوح علیہ السلام کی کشتی میں سب سے پہلے پرندوں میں درہ داخل ہوا اور چوپاؤں میں سب سے بعد میں گدھا داخل ہوا۔ البدایہ والنہایہ ۱ ص ۱۱۱ )
سوال: سب سے پہلے بتوں کی عبادت کس قوم نے کی اس قوم کی طرف کس نبی کو بھیجا گیا تھا اور ان کے بتوں کے نام کون کونسے تھے؟
جواب: سب سے پہلے بتوں اور پتھروں کی عبادت قوم عاد نے کی ان کے تین بت تھے۔ ۱۔ صدا۔ ۲۔ صمودا۔ ھرا۔ یہ قوم ان تینوں کو پوجتی تھی الله نے ان کی طرف حضرت ھود علیہ السلام کو نبی بناکر بھیجا تھا مگر انہوں نے اللہ کے نبی کی کوئی بات نہ سنی آخرکار عذاب خداوندی نے ان کو ہلاک کردیا۔( البدایہ ۱ ص ۱۲۱ )
سوال: حضرت یونس علیہ السلام نے اپنی قوم میں تبلیغ کتنے دنوں تک کی؟
جواب: آپ(علیہ السلام) نے اپنی قوم میں ۳۳ سال تبلیغ فرمائی می۔
سوال: حضرت زکریا علیہ السلام کو جس وقت فرزند کی بشارت ملی اس وقت آپ(علیہ السلام) کی عمر شریف کیا تھی؟
جواب: ایک قول یہ ہےکہ ۹۲ سال تھی۔ دوسرا قول یہ ہےکہ ۹۹ سال تھی۔ تیسرا قول یہ ہےکہ ۱۲۰ سال تھی۔( الاتقان ۲ ص ۳۴۸ )
سوال: اہل مصر نے حضرت یوسف علیہ السلام کے تابوت کو دریائے نیل میں کس چیز میں بند کرکے دفن کیاتھا؟ اور کہاں دفن کیاتھا؟
جواب: جس وقت حضرت یوسف علیہ السلام انتقال فرماگئے تو اہل مصر نے آپ(علیہ السلام) کے مدفن میں جھگڑا کیا۔ آخرکار اس امر پر صلح ٹھہری کہ سنگ مرمر کے صندوق میں بند کرکے دریائے نیل کی بلندی میں دفن کریں۔ اس طرح کی تمام پانی آپ(علیہ السلام) کے صندوق کے اوپر ہوکر مصر تک پہنچے۔ پس تمام لوگ اس تبرک کو برابر استعمال کرتے رہیں۔( تفسیر مواہب الرحمن ۱۲ ص ۱۳۶ )
سوال: حضرت موسیٰ علیہ السلام نے آپ(علیہ السلام) کے صندوق کو دریائے نیل سے کتنے سال بعد نکلوایا؟
جواب: چار سو سال بعد حضرت موسیٰ علیہ السلام نے آپ(علیہ السلام) کے صندوق کو وہاں سے نکال کر ان کے آباؤ اجداد کے قریب دفن کیا۔( تفسیر مواہب الرحمن ۱۲ ص ۱۳۶ )
#فرشتوں سے متعلق امور:
سوال: قیامت کے دن سب سے پہلے حساب کس کا ہوگا؟
جواب: حضرت جبرئیل علیہ السلام ہوگا۔( الاتقان ۱ ص ۶۰ )
سوال: حضرت جبرئیل علیہ السلام کا اصل نام کیا ہے۔ جبرئیل کس زبان کا لفظ ہے اور آپ(علیہ السلام) کی کنیت کیا ہے؟
جواب: اصل نام عبداللہ ہے، امام سہلیؒ نے فرمایا کہ جبرئیل سریانی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی عبدالرحمن یا عبدالعزیز کے ہیں جیساکہ ایک روایت میں حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ نے مرفوعاً دونوں طرح مروی ہے۔ زیادہ صیح روایت موقوف ہے اور ایک قول یہ ہےکہ حضرت جبرئیل علیہ السلام کا نام عبدالجلیل اور کنیت ابوالفتح ہے۔( عمدۃ القاری ۱ ص ۷۲ )
سوال: حضرت اسرافیل علیہ السلام کا اصل نام اور کنیت کیا ہے؟
جواب: حضرت اسرافیل علیہ السلام نام عبدالخالق اور کنیت ابوالمنافح ہے۔( عمدۃ القاری ۱ ص ۲ )
سوال: حضرت اسرافیل علیہ السلام آنحضرتﷺ کے پاس کس زمانہ میں کتنے عرصہ تک آتے رہےہیں؟
جواب: آنحضرتﷺ کو چالیس سال کی عمر میں نبوت عطا ہوئی۔ اس کے بعد تقریباﹰ تین سال تک وحی نہیں آئی۔ اس زمانہ اللہ نے حضرت اسرافیل علیہ السلام کو متعین و مقرر فرمایاتھا۔ اس زمانہ میں حضرت اسرافیل علیہ السلام حضورﷺ کو کلمہ اور کچھ سکھلاتے تھے مگر ان کے ذریعہ سے آنحضرتﷺ پر کوئی وحی نازل نہیں ہوئی۔( الاتقان ۱ ص ۶۰ )
سوال: حضرت اسرافیل علیہ السلام کو اس زمانہ میں موکل مقرر فرمانے کی حکمت کیا تھی؟
جواب: حضرت ابن عساکر نے اس میں یہ حکمت بیان کی ہےکہ حضرت اسرافیل علیہ السلام قیامت کے دن صور میں پھونک مارنے پر اور قیامت کے قائم کرنے پر موکل ہیں اور آنحضرتﷺ کی نبوت چونکہ اطلاع ہے۔ قرب قیامت اور سلسلہ وحی ختم ہونےکی۔ اس سبب سے حضرت اسرافیل علیہ السلام کو مقرر فرمایا۔( الاتقان ص ۶۸ )
سوال: قیامت کے دن جو فرشتہ زمین لپیٹے گا اس کا نام کیاہے؟
جواب: اس فرشتہ کا نام ریافیل علیہ السلام ہے۔( الاتقان ۱ ص ۶۰ )
سوال: حضرت میکائیل علیہ السلام کا نام اور کنیت کیاہے؟
جواب: حضرت میکائیل علیہ السلام کا نام عبدالرزاق ہے اور کنیت ابوالغنائم ہے۔( عمدۃ القاری ۱ ص ۷۲ )
سوال: حضرت عزرائیل علیہ السلام ( ملک الموت )کا اصل نام اور کنیت کیا ہے؟
جواب: آپ(علیہ السلام) کا اصل نام عبدالجبار ہے اور کنیت ابویحییٰ ہے۔( عینی شرح بخاری ۱ ص ۷۲ )
سوال: فرشتوں کی مسجد کا نام کیاہے؟ اور وہ کونسے آسمان پر ہے؟
جواب: فرشتوں کی مسجد بیت المعمور ہے جو ساتویں آسمان پر واقع ہے۔( کنزالعمال ۱۱ ص ۴۹۸ )
سوال: اس مسجد یعنی بیت المعمور میں سب سے پہلے کونسا فرشتہ داخل ہوا اور اس میں ہر دن کتنے فرشتے داخل ہوتےہیں؟
جواب: اس مسجد میں سب سے پہلے داخل ہونے والا فرشتہ حضرت اسمٰعیل علیہ السلام ہیں اور اس مسجد میں ہر دن ستر ہزار فرشتے داخل ہوتےہیں۔ پھر قیامت تک دوبارہ ان کا نمبر نہیں آئےگا، بیت المعمور کی عظمت آسمان میں بیت اللہ کی طرح ہے اور یہ بالکل بیت اللہ کے مقابل میں ہے اگر کوئی چیز بیت المعمور سے گرائی جائے تو ٹھیک بیت اللہ پر آکر گرے گی۔( البدایہ والنہایہ ۱ ص ۴۲ )
سوال: کیا فرشتے بھی نماز پڑھتےہیں اور ان کی نماز کیسی ہے؟
جواب: ایک آنحضرتﷺ نے ارشاد فرمایا کہ خداوند تعالیٰ ساتویں آسمان پر ہیں۔ سب فرشتے اس کےلیے نماز پڑھتےہیں۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے عرض کیا یا رسول اللہﷺ فرشتوں کی نماز کیا ہے۔ اس پر آنحضرتﷺ نے جواباً کچھ نہ فرمایا اس کے جبرئیل امین تشریف لائے اور فرمایا اے اللہ کے نبی (ﷺ) عمر رضی اللہ عنہ نے آپ(ﷺ) سے آسمان والوں کی نماز کے متعلق سوال کیا ہے۔ آنحضرتﷺ نے فرمایا ہاں۔ حضرت جبرئیل علیہ السلام نے فرمایا عمر رضی اللہ عنہ کو میری طرف سے سلام کہو اور ان کو بتلادیجئے کہ بیشک آسمان دنیا والے( فرشتے )سجدہ کی حالت میں قیامت تک کہتےرہیں گے سبحان ذی الملک والملکوت اور دوسرے آسمان والے( فرشتے )حالت رکوع میں ہیں۔ وہ قیامت تک کہتےرہیں گے سبحان ذی العزۃ والجبروت تیسرے آسمان والے فرشتے قیامت تک حالت قیام میں رہیں گے اور کہتےرہیں گے سبحان الحی الذی لایموت اور ایک روایت میں ہےکہ جب سے زمین و آسمان پیدا ہوئے جو فرشتے حالت قیام میں ہیں۔ قیامت تک اسی حالت میں رہیں گے اور جو رکوع میں یا سجدہ کی حالت میں ہیں وہ قیامت تک اسی حال میں عبادت کرتےرہیں گے اور جب قیامت کے دن سر اٹھائیں گے تو کہیں گے ما عبدناک حق عبادتک اے اللہ جس طرح تیری عبادت کا حق تھا ہم نے وہ ادا نہیں کیا ہے۔( کنزالعمال ۱۰ ص ۳۶۵ و ۳۶۹ )
0 Comments